لاہو ر (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے منصورہ حلقہ میں سٹڈی سرکل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اصولی، نظریاتی اور دستوری جماعت ہے، جو ارکان میں سٹڈی سرکلز کے ذریعے دستور کا فہم پیدا کرتی ہے اور اس پر کاربند رہنے کا شعور بھی بیدار کرتی ہے، ہم نظریات کی طرف دعوت دیتے ہیں، جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ اور اس کے رسولۖ کے احکامات کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے، جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں میں یہی فرق ہے، دیگر پارٹیوں کی سرگرمیاں افراد اور مرکزی لیڈرشپ کے گرد گھومتی ہیں۔
نظریہ کے بغیر دنیا کے حالات بگڑ رہے ہیں، کہیں انصاف نہیں، ظلم و بربریت کا نظام چل رہا ہے یہی کیفیت ملک میں ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، جرائم ا ور کمزور پر طاقت ور کا زور چلتا ہے، ان سب کی وجہ یہی ہے کہ ملک میں غیر فطری نظام چل رہا ہے، جماعت اسلامی فطرت اور انسانی نفسیات کے مطابق اللہ کا بنایا نظام ملک میں چاہتی ہے، قوم سے اپیل ہے کہ اس کے دست و بازو بنیں۔ اس موقع پر قیم زون زاہد محمود چشتی اور سید عبدالقادر بھی موجود تھے۔