مظفر آباد:امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے قائد تحریک آزادی کشمیر شہیدسید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام سید علی گیلانی جسے کوئی ڈراسکا نہ خرید سکا، تحریک آزادی کشمیر کا عنوان اور علامت ہیں۔ان کی زندگی جہد مسلسل تھی، پوری دنیا کے آزادی پسندوں کیلئے مشعل راہ ہے۔مرد قلندر نے اسلام کی سربلندی اور آزادی کشمیر کیلئے اپنی زندگی کا ہر لمحہ گذارا۔ان کی ہر ادا غاصب بھارت کے خلاف برسر پیکار اہل کشمیر کیلئے مینار نور تھی اور رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر بلائی گئی ایک پروقار تقریب خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے نہایت بے خوف اور پر عزم زندگی گزاری۔وہ بھارتی استعمار کے حربوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوئے اور نہ کبھی مایوسی ان کے قریب پھٹکی۔وہ ایک بندہ مومن کی طرح مایوسی اور ناامیدی سے کوسوں دور تھے۔انہیں جموں و کشمیر کے آزاد ہونے کا ایسا ہی یقین تھا جیسا سورج کے مشرق سے طلوع ہونے کا یقین ہوتا ہے۔وہ اپنی عمر کے آخری لمحے تک اسی یقین کے منصب ِ بلند پرفائز رہے۔تاریخ گواہ ہے کہ سید علی گیلانی نے بھارتی استعمار کی ہر چال کو ناکام بنایا اور اپنے موقف پر سختی سے ڈٹے رہے۔ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ جیل میں حراست اور گھر میں نظر بندی کے دوران گزارا۔ ان کی نقل وحرکت پر طرح طرح کی پابندیاں لگائی گئیں۔ ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا انہیں بیرون ریاست جانے سے روکاگیا۔ لیکن وہ جرت اور بے باکی کیساتھ ایک عام زخم خورد ہ اور ستم رسیدہ کشمیری کی ترجمانی کر تے رہے۔جموں وکشمیر کے لوگ ان کیلئے جانیں نچھاور کرنے پر تیار تھے۔سید علی گیلانی تین عشروں سے جاری مزاحمت کے مقبول ترین لیڈر شمار کئے جاتے ہیں۔وہ ایک جرت مند،دلیر اور آہنی عزم و اعصاب کی حامل غیر معمولی شخصیت تھے جس بات کو حق سچ سمجھتے تھے اس کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے۔ یکم ستمبر 2021میںانہیں زیر حراست شہادت کا جام پینا پڑا۔ان کے بے جان وجود سے بھی دنیا کی بہت بڑی فوجی قوت خوفزدہ ہوئی۔ان کی رات کی تاریکی میں پوری ریاست میں کرفیو نافذکرکے تدفن کی گئی۔
امیر حزب المجاہدین نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ فقید المثال قربانیوں سے سینچی ہوئی تحریک آزادی کو بارہا پٹری سے اتار کر سبوتاژ کرنے کی سازشیں کی گئیں لیکن ہر ایسے موقعے پر جرا ت و شجاعت کے پیکر سید گیلانی ہمالیائی رکاوٹ بن کر ہر سازشی منصوبے کو ناکام بناتے رہے۔ چیر مین متحدہ جہاد کونسل نے کہا کہ امام گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا واحد اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ لا زوال قربانیوں سے سینچی ہوئی تحریک آزادی اپنی حتمی منزل مقصود سے ہمکنار کرنے کیلئے ہمہ جہت اور ہمہ گیر جدوجہد کا عزم و عہد از سر نو تازہ کیا جائے اور ہر اندرونی یا بیرونی سازشی منصوبے کو قوت بازو سے زمین بوس کیا جائے اللہ تعالی کی تائید و نصرت ہمارے ساتھ ہوگی۔ان شا اللہ
تقریب سے متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان، ڈپٹی چیر مین کمانڈر عثمان،جمیعت المجاہدین کے سربراہ جنرل عبد اللہ،نائب امیر حزب المجاہدین سیف اللہ خالد، تاج علی شاہ اور دیگر کئی رہنماوں نے بھی خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک آزادی سید علی گیلانی کو عقیدت کے پھول نچھاورکرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید گیلانی کے نقش پا پر چل کر حصول منزل تک جدوجہد جاری رکھی جائیگی اور کسی کو بھی اس تحریک کیساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔تقریب کے اختتام پر سید علی گیلانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر لاکھوں شہدا کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔