سرینگر،اسلام آباد — مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی کو انکی تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یکم ستمبر بروز اتوار سری نگر کے حیدر پورہ میں ان کی قبر پر بھرپور حاضری دیں اور مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کریں۔
بابائے حریت سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021 کو سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بندی کے دوران داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند ہنما مولوی بشیر عرفانی، بلال احمد صدیقی ، غلام محمد خان سوپوری، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار، فریدہ بہن جی، مولانا مصعب ندوی، محمد یوسف نقاش، یاسمین راجہ، حفضہ بانو، بشیر اندربی اور دیگر نے حق خودارادیت کی جاری جدوجہد میں شہید رہنما کی بے مثال خدمات اور لازوال کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی صداقت اور دیانت کا مظہر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز وقف کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی حقیقی معنوں میں کشمیر کے ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے بے انتہا بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود تنازعہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
بیانات میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے انتہائی جرات اور بے خوفی کے ساتھ کشمیریوں کا ز کیلئے عمر بھر جدوجہد کی۔انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم رہنما کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حیدر پورہ میں انکی قبر پر جائیں ۔ انہوں نے ائمہ اور علمائے کرام پر بھی زور دیا کہ وہ شہید قائد کے درجات کی بلندی کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں کریں۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور رہنماؤں ایڈووکیٹ پرویز شاہ، مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، شمیم شال، زاہد صفی، زاہد اشرف، امتیاز وانی، مشتاق حسین گیلانی، سید گلشن احمد، شیخ عبدالمجید، سید اعجاز رحمانی، منظور احمد ڈار، عبدالمجید لون اور دیگر نے اسلام آباد سے جاری اپنے بیانات میں کہا کہ سید علی گیلانی عظمت و حوصلے کی پیکر اور جبر و استبداد کے خلاف ثابت قدمی کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنما کی جدوجہد، جرات اور قربانیاں دنیا کی ان مظلوم اور کمزور قوموں کو متاثر کرتی رہیں گی جن کی جارح قوتوں نے آزادی چھین لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن اور نظریات زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے اور انہیں ایک عظیم قائد کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔غلام محمد صفی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرانے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دینے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔