اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرکو ہندوستان کے پنجہ استبداد سے آزاد کرانے کا واحد راستہ ہمہ گیر جہاد ہے،نریندرمودی کے ظالمانہ اورمتعصبانہ اقدامات کے باعث عالمی سطح پر مواقع فضاسے استفادہ کرتے ہوئے ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کیاجائے،محض علامتی یکجہتی اور تقریروں سے کشمیرآزاد نہیں ہوسکتا، اس کے لیے ٹھوس پالیسی اورجامع حکمت عملی تشکیل دے کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،پاکستانی قوم اور عالمی سطح پرکشمیریوںسے اظہار یکجہتی سے کشمیریوں کے حوصلے بلنداور احساس تنہائی ختم ہوتاہے،ہندوستان کے تمام تر استعماری ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیرکا بچہ بچہ آزادی کے مورچے میں ڈٹا ہواہے جو ہندوستان کی واضح شکست ہے
ان خیالات کااظہاراانھوں نے پاکستان میڈیا تھینک ٹینک کے زیرا ہتمام یکجہتی کشمیرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پاکستان کے سینئر صحافیوں اور اہل دانش نے خطاب کیا
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہندوستان کے اندر اہل دانش نے جو دس پیشن گوئیاں کیں تھیں کہ ہندوستان انجام کی جانب گامزن ہے ان میں سے نو پوری ہوچکی ہیں،ہندوستان کے اندر برہمن سامراج کے خلاف نفرت انتہاکو پہنچ چکی ہے آر ایس ایس کے غنڈوں کی دستبردسے کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے مسلمانوں دلتوںاور دیگر پیسی ہوئی اقلیتوں کے اندر سخت غصہ پایا جاتاہے جو کسی بھی وقت برہمن سامراج کے خلاف پھٹ پڑے گا،نریندرمودی بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے،کسی بھی وقت چنگاری شعلہ بن جائے گی
انھوں نے کہاکہ ہندوستان نے اسرائیل کی طرز پرمقبوضہ کشمیرمیں انتہاپسندہندوؤں کو بسانے کے منصوبے پر عمل پیراہے ،مقبوضہ کشمیرسے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے 35لاکھ غیر کشمیری ہندوؤں کو ڈومسائل جاری کرچکاہے مسلمانو ں کو سرکاری عہدوںسے فارغ کیاجارہاہے۔وزیر ا علیٰ کی کرسی پر ہندؤکو لانے کے لیے حلقہ بندیوں میں تبدیلی کے نام پر جموں کے ان علاقوں میں سیٹوں کااضافہ کیاگیاہے جہاں ہندؤآبادی زیادہ ہے سرینگر میں صرف ایک سیٹ کا اضافہ کیاگیاہے،ان اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیرکے اندر عوام میں مزید غم وغصہ پیداہوچکاہے،کشمیرکی آزادی جنوبی ایشیا میں کئی اورنئی ریاستوں کی آزادی کاعنوان بنے گی۔