بزنس فورم آزادکشمیر کے زیر اہتمام سیمینار،کاروباری سمت تعین کرنے،چیمبرز آف کامرس کو فعال کرنے سمیت اوورسیز فنڈ قائم کرنےسمیت مختلف شہروں میں ایکسپو کرنے پر اتفاق


اسلام آباد(صباح نیوز)بزنس فورم آزادکشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں آزاد کشمیر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور اسے صنعتی زون بنانے اور نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ سیمینار میں اوورسیز کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکا میں عمران عزیز خان (صدر بزنس فورم آزاد کشمیر گلگت بلتستان و فاز گروپ)، ڈومینوز پیزا پارٹنر محمد شکیل (امریکہ)،فرحان عزیز خان( اسپائر گروپ ) برطانیہ،صدر پاکستان بزنس فورم وانجمن تاجران چوہدری کاشف  ، عقیل خورشید ( کو پارٹنر نیا ٹیل) برطانیہ، ضیا( منیجمنٹ کمپنی)، شاہ زیب ( گلف گروپ)، محمد مرتضی میرپور  ،راجہ رفاقت بیگ قطر، چوہدری نعیم فرانس ،عمران نور ، انعام مسعودی اسلام آباد(چیرمین Ukaz گروپ ،مظفرآباد)،  ندیم کھوکھر ( کیپٹل لینڈ مارکیٹنگ) سمیت امریکہ ، یورپ،  برطانیہ سمیت مشرق وسطی کے مختلف ممالک میں کاروبار سے وابستہ افراد شامل تھے۔سیمینار میں پاکستان اور آزادکشمیر سے بھی متعددکاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار کے آغاز میں بزنس فورم آزاد کشمیر کے صدر عمران عزیز نے اغراض و مقاصد بیان کیے اور کہا کہ اس سیمینار کا مقصد اوورسیز کشمیریوں کو اپنے خطے میں تجارت کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق تجاویز مرتب کرنا اور ان کے تحفظات و خدشات کو دور کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس فورم آزادکشمیر سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لیے فرینڈلی ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے اور قبل ازیں بھی اس طرح کے پروگرام کروا چکے ہیں۔

انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سیمینار میں درجن ایسی شخصیات شرکت کر رہی ہیں جو امریکہ ،برطانیہ، فرانس اور سعودی عرب میں اپنے برینڈ بنا چکے ہیں یا پھر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے بطور خاص شکیل مائیک کا ذکر کیا جن کا تعلق راولاکوٹ سے ہے اور ایک عرصے سے امریکہ میں فاسٹ فوڈ کے شعبے میں لوہا منوا چکے ہیں وہ اس سیمینار میں شریک ہیں۔ سیمینار میں مختلف کاروبار ی شخصیات نے اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادکشمیر میں کاروبار کے بڑے مواقع میسر ہیں اور یہاں مختلف شعبہ جات میں دی جانے والی رعایت سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ شرکا نے کاروبار ی سمت کے تعین کرنے  اور چیمبرز آف کامرس کو فعال کرنے سمیت اوورسز فنڈ قائم کرنے اور آئندہ سال آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں ایکسپو کرنے پر اتفاق کیا ۔ شرکا نے آزادکشمیر میں انٹرنیٹ سروس کو بہتر کرنے پر بھی زور دیا اور کہا دنیا کے ساتھ اپنے آپ کو لنک کرنے اور عالمی منڈی تک رسائی حاصل کرنے کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کو یقینی بنانا ہو گا۔ شرکا نے حکومت آزاد کشمیر سے بھی کہا کہ وہ اوورسیز کشمیریوں کے لیے خطے میں سرمایہ کاری کے لیے آزادانہ ماحول میسر کریں تاکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔