بنو قابل کے تحت ملک بھر میں فری کورسز کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، حافظ نعیم الرحمن


لاہور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ہماری قوت اور مستقبل ہیں،پوری دنیا کو لیڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اسی فیصد آبادی چالیس سال جبکہ پینسٹھ فیصد تیس سال کی عمر پر مشتمل ہے،کسی صورت مایوس نہیں ہوں گے۔77سالوں سے چند خاندانوں پر مشتمل قبضہ مافیا کی پالیسیوں کے باعث طلبہ اور یوتھ مایوس ہیں،مختلف سیاسی جماعتوں میں انہی خاندانوں کے نمائندے موجود ہیں،یہی لوگ فوج کے جرنیل اور پیوروکریٹ بنتے ہیں۔74فیصد نوجوان ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔نوجوان ہماری امید نہیں یقین ہیں،بنو قابل کے تحت ملک بھر میں فری کورسز کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے،بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے نجی ہوٹل میں منعقدہ سکلز گالا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں ملک بھر سے فری لانسرز کمپنیوں کے نمائندگان سمیت بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات شریک تھیں۔اس موقع پرفانڈر سکلز گالا عائشہ زمان،فانڈر Enablers ثاقب اظہر،  نائب صدرالخدمت ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف،ڈائریکٹر بنوقابل عمیر ادریس، ڈائیریکٹر ڈیجیٹل میڈیاو سی ای او بنوقابل سلمان شیخ اور ڈائریکٹر الخدمت والنٹیئرزسنان اکبربھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کوحاصل کرنے کے لیے لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی،اپنا کاروبار،مکان،زمین چھوڑ دیا تاکہ وہ آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی بسر سکیں لیکن سات دہائیاں گزرنے کے بعد بھی وہی انگریز کا نظام غالب ہے،بیوروکریٹس،جرنیلز اور چند خاندانوں پر مشتمل اشرافیہ نے وسائل پر قبضہ کیا ہواہے،خود کو حاکم اور عوام کو خادم سمجھتے ہیں،مراعات اور وسائل کی بندربانٹ ہے۔اے آئی کا زمانہ ہے اور یہاں انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آئی ٹی انڈسٹری تباہ ہوچکی،ایسی قدغنوں سے ملک کا نقصان ہوگا۔نوجوان،طلبہ،کسان،تاجر سے اتحاد کیا ہے،ظلم کے اس نطام کا خاتمہ ہوگا، پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔