اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہوٹہ کے قریب آزاد پتن بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
صدرمملکت نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ۔صدر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،صدر مملکت نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ، صدر مملکت نے جاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد پتن بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،جاںبحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ ۔وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہوٹہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔