نبی کریم ۖکی دعوت کا بنیادی اصول حقوق ،مساوات عدل و انصاف کا قیام تھا،ڈاکٹر حمیرا طارق

کراچی(صباح نیوز) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہاہے کہ نبی کریم کی دعوت کا بنیادی اصول حقوق ،مساوات عدل و انصاف کا قیام تھا۔ در حقیقت اللہ تعالیٰ کا محبوب وہ ہے جو اس کی مخلوق کے کیے اچھا ہو۔ قرآن کا  نظام زمین پر نفاذ کے لیے آیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت صوبہ سندھ کی ناظمات و نائبات اضلاع کی دو روزہ تربیت گاہ سے خطاب کے دوران کیا۔

تربیت گاہ سے ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے ضلعی نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی نظم کے تحت آنے والے مختلف شعبے اور کمیٹیاں عوام میں ہمارے نفوذ کا ذریعہ ہیں ان کے تحت جماعت کی دعوت کا کام اور اس کی کارکردگی کو موثر انداز میں پہنچانا نیز افراد بالخصوص نوجوان نسل کی ذہن سازی ہمارا لازمی فرض ہے کہ آنے والے کل میں نوجوان نسل کو تحریک و ملک کی قیادت سنبھالنی ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی سیکرٹری عطیہ نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیادت اپنے کارکنان کی فلاح کی حریص ہوتی ہے فریضہ اقامت دین وقتی فرض نہیں تاحیات ذمہ داری ہے جس کے لیے اپنا محاسبہ بھی ہمہ وقت ضروری ہے۔ ذہن  ہر قسم کی لغو سوچوں اور باتوں سے پاک ہو اور مطمع نظر کسی قسم کی تعریف نہیں صرف اللہ کی رضا ہو کیوں کہ جو مشن ہم لیکرکر چلے ہیں وہ عام نہیں نبوی مشن ہے۔