بلوچستان کی خوشحالی سے پاکستان کا امن اور خوشحالی وابستہ ہے۔ سراج الحق

کوئٹہ(صباح نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خوشحالی سے پاکستان کا امن اور خوشحالی وابستہ ہے ، اگر یہاں سیاسی استحکام آ جائے تو اس صوبہ میں کم آبادی اور زیادہ وسائل ہونے کی وجہ سے زیادہ خوشحالی آ سکتی ہے۔جماعت اسلامی قیام امن کے لیے ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہے ۔ ۔ امن کا راستہ یہی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بٹھایا جائے عوام کو سنا جائے اور اعتماد کیا جائے ۔ بلوچستان میں وسائل کی کمی نہیں گڈ گورننس کا مسئلہ ہے ۔ مبارک ثانی کیس کے فیصلہ پر نظرثانی کرنے پر عدلیہ کو شاباش۔سراج الحق نے پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کے کچہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ حکومتیں چند سو ڈاکوؤں کو ختم کرنے میں کیوں ناکام ہیں۔ جب چھوٹے چھوٹے سانپ اژدھا بن جاتے ہیں تو حکومت پھر ان کی سرکوبی کے لیے بین الاقوامی امداد کی منتظر رہتی ہے ۔ جبکہ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ قیام امن کے لیے بھرپور تعاون کروں گا اور اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کروں گا ۔

ان خیالات کا اظہار سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کوئٹہ میں دارالعلوم تنویر القرآن میں دستار بندی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کے دوران کیا ۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ، مولانا عبد القدیر شاکر اور حافظ نور علی اوردیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خوشحالی سے پاکستان کا امن اور خوشحالی وابستہ ہے ۔ بلوچستان وسائل سے مالا اور رقبہ کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے ۔ اگر یہاں سیاسی استحکام آ جائے تو اس صوبہ میں کم آبادی اور زیادہ وسائل ہونے کی وجہ سے زیادہ خوشحالی آ سکتی ہے ۔ یہاں ایک طویل عرصہ سے سیاسی عدم استحکام رہا ہے ، دہشت گردی ہے اور سرکاری محکموں میں افراتفری ہے ۔ جماعت اسلامی قیام امن کے لیے ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہے ۔ امن کا راستہ یہی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بٹھایا جائے عوام کو سنا جائے اور اعتماد کیا جائے ۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ صوبہ کے وسائل صوبے پر خرچ کئے جائیں ۔ بلوچستان کے ساتھ سید یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمی سے لے کر آج تک جو بھی وعدے کئے گئے وہ پورے نہیں کئے گئے  ۔ آغاز حقوق بلوچستان پیکج فائلوں اور کاغذوں میں ہی ہے اور اس کو عملی شکل نہیں دی گئی ۔ گوادر کے حوالے سے حکومت کہتی ہے کہ یہ گیم چینجر ہے مگر مکران ڈویژن کے مسائل حل نہیں  ہوئے ۔ مقامی طور پر نہ صنعتیں لگائی گئیں اور نہ ہی نوجوانوں کو نوکریاں دی گئیں ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ عجیب بات ہے کہ پاکستان میں ایک مصنوعی جمہوریت ہے جس کی وجہ سے حکومتیں ڈیلیور نہیں کر پا رہیں ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وسائل کی کمی نہیں گڈ گورننس کا مسئلہ ہے ۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مبارک ثانی کیس کے فیصلہ پر نظرثانی کرنے پر عدلیہ کو شاباش دی ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ساری قوم تحفظ ناموس رسالت ۖ کی چوکیداری کرے ۔ سراج الحق نے پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کے کچہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا جبکہ حملہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ۔ سرا ج الحق نے سوال کیا کہ حکومتیں چند سو ڈاکوؤں کو ختم کرنے میں کیوں ناکام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب چھوٹے چھوٹے سانپ اژدھا بن جاتے ہیں تو حکومت پھر ان کی سرکوبی کے لیے بین الاقوامی امداد کی منتظر رہتی ہے ۔ جبکہ سراج الحق کے ساتھ ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے بھرپور تعاون کروں گا اور اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کروں گا ۔