رحیم یار خان میں حملہ آوروں کا عبرتناک و برا انجام ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

رحیم یار خان(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کا عبرتناک و برا انجام ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کچیکے علاقے میں ڈاکوئوں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی فردا فردا تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا۔وزیر داخلہ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات دیں۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلے کو سراہتا ہوں،آپ پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا، اس ضمن میں ہم نے سفارش کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے یہ حملہ کیا ہے ، ان کا عبرتناک و برا انجام ہو گا، یہ پاکستان کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام تر معاونت فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، رینجرز بھی موجود ہے۔ڈی جی رینجرز پنجاب، انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب، اعلی سول و عسکری حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔