اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں انوکھی سماعت۔ سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں ایڈہاک جج مظہرعالم خان میاں خیل پر مشتمل 2رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 3میں مختلف کیسز کی سماعت کی۔بینچ نے زمین کی ملکیت کے تنازعہ پر درویزہ کی جانب سے سردارحسین اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار درویزہ نے سپریم کورٹ پشاوررجسٹری سے پیش ہوکربتایا کہ میرا وکیل بھی نہیں اور میں خود بھی کچھ نہیں کہوں گا، کیس بینچ کے سامنے ہے بینچ کیس پڑھ کرجو فیصلہ کرے گا وہ میں قبول کروں گا۔
جسٹس سردار طارق مسعود کادرخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہناتھاکہ آپ کے خلاف فیصلہ کریں یا حق میں کریں۔جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کادرخواست گزار کے ساتھ پشتو زبان میں مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تین عدالتوں نے آپ کے خلاف فیصلہ دیا ہے ، آپ کیس ثابت نہیں کرسکے۔جسٹس سردار طارق مسعود کا درخواست گزارسے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیچھے جو فیصلہ ہوا ہے وہی ٹھیک ہے، کیس خار ج ہوگیا ہے۔ اس پردرخواست گزاردرویزہ نے کہاآمین۔