اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیلاب کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہوئے زراعت ، آبپاشی اور تعلیم کے شعبے میں بینک کی ملک کیلئے خدمات کی تعریف کی ہے۔ایوان صدرکے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بینک کے کردار بارے بتایا۔
صدر مملکت نے سیلاب کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کی معاونت کو سراہا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگروز کے جنگلات اگائے ہیں۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کانسٹنٹینوس مواٹسوس نے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر یونان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے یونان کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔