آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔محمد اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور امید ہے کہ ستمبر میں ہونے والے آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں پاکستان کا کیس آجائے گا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں میڈیا پر چلنے والے خبروں کے حوالے سے وضاحت کی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے معاملات مثبت انداز میں آگے بڑے رہے ہیں اور ستمبر میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں پاکستان کا کیس ایجنڈے میں شامل ہونے کی امید ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کچھ شرائط ہیں جن کے مطابق اکتوبر سے پہلے ڈیپازٹ پروٹیکشن ترمیمی بل منظور کرنا ضروری ہے اور ہم کمیٹی کی تجویز پر آئندہ ہفتے بل پارلیمنٹ میں پیش کردیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے مطابق عالمی مالیاتی ادارہ 37 ماہ کی مدت میں پاکستان کو 7 ارب ڈالر کا قرض دے گا۔