کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، ڈپٹی سکریٹری کراچی قاضی صدر الدین نے گزشتہ روزکارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے عمران عارف اور ان کی بیٹی آمنہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی ،نماز جنازہ بعد نماز عصر میمن مسجد گلزار ہجری میں ادا کی گئی ۔بعد ازاں منعم ظفر خان نے آمنہ کے بھائی و دیگر اہل خانہ سے ملاقات وتعزیت کی اور ان کے والد اور بہن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت لواحقین و پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے ۔
منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ کارساز انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ،واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والی نتاشا دانش کے خلاف سخت سے سخت کارروائی اور مرحومین کے اہل خانہ و لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے ۔حکومت اور متعلقہ ادارے ایسے واقعات کے روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں ،ذمہ داران کو سزادیں تاکہ پھر سے ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔