اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو پھر سے معاشی قوت بنانا ہمارا ہدف ہے، نوجوان تعلیم ، ہنر مندی اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا ذریعہ بن سکتے ہیں، پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، ملک کے نوجوانوں میں مثبت تبدیلی کا باعث بننے کی اہلیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے اور نوجوان کا حق ہے، تعلیم سے ملک کا مستقبل روشن ہو گا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ تمام بچوں سے کہتا ہوں کہ سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں، تخلیق اور تعلیم کے امتزاج کو اپنا کر ترقی کے نئے راستے تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ اتحاد میں ہمارا مستقبل ہے، نفرت کو دفن کر دینا چاہیے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ بلوچستان میں بتایا گیا کہ کچھ بلوچ ناراض ہیں، میں کہتا ہوں کہ کوئی اپنی دھرتی ماں سے ناراض نہیں ہوسکتا،اپنے مسائل کا حل مل بیٹھ کر تلاش کریں تاہم ناراضگی کے نام پر دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ نوجوان نسل محنت کو اپنی ترجیح بنائیں، حکومت نوجوانوں کو بہت سی سہولیات فراہم کر رہی ہے، خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا بھی ہے، نوجوان تعلیم ،ہنر مندی اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے عہد میں نوجوان شراکت دار ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ 1998 میں پاکستان ایٹمی قوت بنا، ہم نے اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ہے، قومی مفاد ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کا مستقبل آج کے نوجوان کے ہاتھ میں ہے، 2013 کی حکومت میں پاکستان کو کہاں سے کہاں پہنچایا، اس وقت پاکستان کے بارے میں ڈیفالٹ کا کہا گیا لیکن پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بنا۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت پاکستان کو بچانے کے لیے تھی، ہمارے دشمن چاہتے تھے کہ پاکستان کو معاشی طور پر ختم کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پھر سے معاشی قوت بنانا ہمارا ہدف ہے