چناری میں ایک طالبہ نے  دریا ئے جہلم میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا


چناری(صباح نیوز) چناری میں سیکنڈ ائر کا امتحان پاس کرنے والی طالبہ نے  دریا ئے جہلم میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا،نعش کی تلاش جاری۔

تفصیلات کے مطابق سیکنڈ ائیر پاس کرنے والی طالبہ لائبہ فاطمہ عباسی نے چکوٹھی اور بیلہ کے درمیان لگی ہوئی ڈولی سے دریا کے سینٹر میں پہنچ کر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا زندگی کا خاتمہ کردیا،طالبہ کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں موقف اختیار کیا ہے کہ چند روز قبل ہی میری بیٹی نے سیکنڈ ائیر کا امتحان پاس کیا ،چند ہفتوں سے شدید ڈپریشن کا شکار تھی ،جس کی وجہ سے اس نے دریا میں چھلانگ لگائی

چیئر لفٹ اپریٹر علی ضیاء کا کہنا ہے کہ میں نے جب بچی سے تعارف پوچھا تو اس نے کہا کہ آپ اپنا کام کرو مزید بات نہیں کی ڈولی پر سوار ہوئی دریا کے درمیان میں پہنچتے ہی چھلانگ لگا دی اس کی نعش کو دریا کی تیز لہروں میں ڈوبتے ہوئے دیکھا گیا،نعش کی تلاش جاری ہے آخری اطلاعات تک نعش نہیں ملی ،یاد رہے کہ جہلم ویلی میں دریائے جہلم پر لگی ہوئی ڈولیوں سے اس سے قبل بھی متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔