مظفر آباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادمیں اسلامک ریلیف پاکستان کے تعاون سے مستحق طلبا و طالبات میں 47لاکھ روپے سے زائد مالیت کے وظائف کے چیکس تقسیم کردئیے گئے۔
جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق جامعہ کشمیر کے سٹی کیمپس میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور ریجنل منیجر اسلامک ریلیف پاکستان ڈاکٹر ریاض احمد نے مستحق طلبہ و طالبات میں سکالرشپس چیکس تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق اسلامک ریلیف پاکستان کی جانب سے مختلف پروگرامز میں زیر تعلیم 22طلبا و طالبات میں مبلغ 4759711/-روپے کے سکالر شپس کے چیکس تقسیم کیئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اسلامک ریلیف پاکستان کے ذمہ داران کا جامعہ کشمیر آمد پر خیر مقدم اور مستحق طلبا و طالبات میں سکالر شپ چیکس کی تقسیم پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے اس دور میں ایسے ادارے جو ضرورت مند طلبا کو ان کی تعلیم کی تکمیل کیلئے کاوشیں کرتے ہیں مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ اسلامک ریلیف پاکستان نے زلزلہ 2005 کے بعد متاثرین کو ریلیف کی فراہمی، بحالی اور تعمیر نو میں جو کردار ادا کیا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے شک کائنات میں انسان کی تخلیق کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے اور یہی وجہ ہے کہ انسان کو فرشتوں سے بہتر مقام و مرتبہ دیا گیا ہے۔ شرکا تقریب کو متوجہ کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ آئیے ہم بھی اسلامک ریلیف کی طرح دکھی انسانیت کی خدمت اور تعلیم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے معاشرے میں موجود مستحقین کی خدمت میں بڑھ جڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں حصول علم پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی اچھے مقام پر پہنچ کر ایسے ہی لوگوں کی خدمت کر سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک ریلیف کے ریجنل کوآرڈنیٹر ڈاکٹر ریاض احمد نے بتایا کہ اسلامک ریلیف کی جانب سے گذشتہ تین سال سے جامعہ کشمیر کے مستحق طلبا و طالبات کے حق میں سکالر شپس کی ادائیگیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک جامعہ کشمیر میں زیر تعلیم 57کے قریب طلبا و طالبات کو تقریبا 90لاکھ روپے سے زائد کے تعلیمی وظائف مہیا کیئے جا چکے ہیں جن سے یہ طلبا اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے ادارے کیلئے انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کہ 22مستحق طلبا و طالبات کو ان کے مکمل تعلیمی پروگرامز کیلئے سکالر شپس کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی وظائف کے علاوہ ان کا ادارہ غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو جدید مہارتوں کی فراہمی اور کئی دیگر منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے جامعہ کشمیر باالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ تعلیمی وظائف مستحق طلبا و طالبات تک پہنچ رہے ہیں۔ اس موقع پر سکالر شپس حاصل کرنے والے طلبا و طالبات نے اظہار خیال کرتے ہوئے اسلامک ریلیف اور جامعہ کشمیر کا شکریہ ادا کیا۔ جن کے تعاون سے انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے ایسے مواقع دستیاب ہوئے۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹس اینڈ فنانشل ایڈ جامعہ کشمیر سردار مجیب ظفر نے اپنے خطاب میں اسلامک ریلیف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان تعلیمی وظائف کے اجرا سے طلبا و طالبات اپنی مالی مشکلات سے آزاد ہو کر یکسوئی سے تعلیم حاصل کریں گے۔ تقریب میں اسلامک ریلیف کے ذمہ داران، جامعہ کشمیر کے ڈین حضرات، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اسلامک ریلیف کے ہیڈ کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔