مقبوضہ کشمیر میں زلزلہ، ایک خاتون جاں بحق


سری نگر :  مقبوضہ کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مقبوضہ  جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ اورملحقہ علاقوں میں   صبح یکے بعد دیگرے زلزلے کے دوجھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی رپورٹس میں زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی  ہے ۔

زلزلہ پیما مرکز نے ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.9ریکارڈ کی ہے۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اوڈینا میں ایک نوجوان خاتون کی موت ہو گئی۔ اسے بجلی کی تار سے کرنٹ لگا جو جو زلزلے کے دوران گر گئی تھی۔ پولیس کے مطابق بارہمولہ میں ایک شخص عمارت سے کود کر زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

ادھر  آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 4 اعشاریہ 6 شدت کے  زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ ہٹیاں بالا،عباس پور، چناری،دھیرکوٹ ،حویلی اور چکوٹھی سمیت جہلم ویلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،وادی لیپہ میں جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کا پہلا جھٹکا 6صبح  بج کر 16 منٹ پر اور دوسرا جھٹکا 6 بج کر 23 منٹ پر محسوس کیا گیا۔