نیا توشہ خانہ ریفرنس،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا  


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ نئے تو شہ خانہ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل سے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون، پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب حکام نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی  شامل تفتیش ہو گئے ہیں، ہاتھ سے لکھا ہوا بیان تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا جبکہ بشریٰ بی بی کا تحریری بیان بھی نیب ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی جس پر عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔بعد ازاں عدالت نے نئے توشہ خانہ کیس میں دونوں ملزمان کو 2 ستمبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔