جامعہ کشمیر کے نیلم کیمپس کا وجود نعمت سے کم نہیں،میاں عبدالوحید


اٹھمقام (صباح نیوز)  وزیر قانون، انصاف اور پارلیمانی امور آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر میاں عبدالوحیدنے جامعہ کشمیر کے نیلم کیمپس کووادی نیلم کے عوام کے لیے نعمت قراردیتے ہوئے اس کی ترقی کے لیے ہر ممکن مددفراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ سے اتوارکے روز جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق وہ جامعہ کشمیر کے نیلم کیمپس میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

میاں عبدالوحید نے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہیکہ اس کیمپس میں ضلع نیلم کے سیکڑوں بچے اور بچیاں اپنے گھر کی دہلیز پرمعیاری زیورتعلیم سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر نصابی وغیرنصابی سرگرمیوںمیں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہیکہ وہ ان کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع پیداکرے۔وزیر قانون نے کہا کہ نیلم جیسے دوردراز علاقے میں اکثریت کے پاس اتنی استطاعت نہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مظفرآباد یا دیگر شہروں میں بھیج سکیںایسے میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کا یہ کیمپس انفارمیشن ٹیکنالوجی،انگریزی اور دیگر اہم تعلیمی پروگرامز کے ذریعے انہیں مستقبل کے چیلنجز اور مطلوبہ صلاحیتوں کے حصول کے لیے بروقت تیارکرنے میں انتہائی ممدومعاون ثابت ہورہا ہے۔وزیرحکومت میاں عبدالوحید نے کیمپس کی ترقی کے لیے غیر متزلزل عزم پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیااورسابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید سمیت سابق وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر دلنوازاحمد گردیزی کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج بے حدخوش ہیں کیونکہ2013میں نیلم کیمپس کا لگا ننھا پودا اب تناآور درخت کی صورت اختیار کرچکا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں نیلم کیمپس کے تابناک مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر یہ کیمپس اسی طرح ترقی کرتا رہا تو وہ وقت دورنہیں جب یہ ایک مکمل یونیورسٹی کی شکل اختیارکرلے گا۔انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی کیمپس کی ترقی ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور یہی وجہ ہیکہ یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات کے باوجوداس کیمپس کواعلیٰ تعلیم یافتہ مکمل فیکلٹی فراہم کی گئی ہے ۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں نیلم ویلی کیمپس کے لیے جدید ترین کمپیوٹرزکی فراہمی اورمزید پروگرامزکے اجراء کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے فیکلٹی اور طلباء پرزوردیا کہ وہ ادارے کی ترقی اور ساکھ کو مزید بہتربنانے کے لیے سفیر کے طور پر کام کریں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں نیلم کیمپس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

انہوں نے کیمپس کی ترقی کے لیے وزیر قانون میاں عبدالوحیدکی کاوشوں کاخصوصی ذکر کرتے ہوئے وادی کی تعمیر و ترقی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ان کے وژن کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیلم ویلی کیمپس ڈاکٹر ملک سجاد احمد ندیم نے اپنے خطاب میں کیمپس کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور جاریہ پروگرامز سے حاضرین کو آگاہ کیا۔انہوں نے کیمپس کی بہتری و ترقی کے لیے بھرپورمعاونت فراہم کرنے پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور وزیر حکومت میاں عبدالوحید کا شکریہ بھی ادا کیا۔تقریب کا اختتام تقسیم انعامات کے ساتھ ہوا، وزیر حکومت میاں عبدالوحید اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے کھیلوں کے مقابلوں کے فاتح کھلاڑیوں کواسناد اور ٹرافیوں سے نوازا۔وائس چانسلر نے طلباء کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور وزیر حکومت میاں عبدالوحید کو کیمپس آمد پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔

ڈائریکٹر نیلم کیمپس ڈاکٹر ملک سجاد احمد ندیم نے بھی پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی کو ان کی قیادت اور کیمپس کی ترقی کے لیے لگن کے اعتراف میں ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔اپنے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے نیلم کیمپس سے ملحقہ نو تعمیر شدہ کلاس رومز اور سٹاف رومز کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کیمپس کی بہتری کے لیے انتھک لگن پر ڈائریکٹر ڈاکٹر ملک سجاد احمد ندیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر نے دورہ نیلم کے دوران فیکلٹی، سٹاف اور طلباء کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔قبل ازیں جب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نیلم کیمپس پہنچے تو ڈائریکٹر ڈاکٹر ملک سجاد احمد ندیم ،فیکلٹی ممبران،سٹاف اور طلبہ کی بڑی تعداد نے وائس چانسلر کا کیمپس آمد پرپرجوش استقبال کیا۔اس دورے میں وائس چانسلر کے ہمراہ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، شعبہ سوشیالوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازنین حبیب، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز اعوان، ڈائریکٹر ورکس اظہر علی، ٹرانسپورٹ آفیسر احسن خان اور آفیسرتعلقات عامہ آفیسر مبشر نقوی تھے۔