9 مئی کی سازش میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے ،احسن اقبال


 لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ  9 مئی کی سازش میں ملوث عناصر قانو ن کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، یوم آزادی کے موقع پر بھی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی جو قابل مذمت ہے۔

لاہور میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اناڑی کے ہاتھ ملک کو دے کر بیڑہ غرق کر دیا گیا، 2018 میں ہماری حکومت چھین کر اسی فسادی ٹولے کو نہ دی جاتی تو ملک بہت آگے جا چکا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر بھی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی جو قابل مذمت ہے، انتشار اور فساد پھیلانے والے کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا جو بھی 9 مئی کو سازش اور بغاوت میں ملوث ہے اسے قانون کی گرفت سے نہیں بچایا جا سکتا، یہ دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے جب ان سے مانگی گئیں تو بوگس رسیدیں لاتے ہیں،برطانیہ نے انتشار پھیلانے والوں کو 24 گھنٹے کے اندر سزائیں دی گئیں، عدلیہ کو بھی ویسے ہی فیصلے کرنے چاہئیں جیسے برطانیہ میں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص کہتا ہے کہ اسے پنجرے بند کیا ہوا ہے، اسی نے اپنے مخالفین کو انہیں پنجروں میں قید کروایا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک بار پھر ملک کی معیشت کو سنبھالنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس کا نتیجہ آئندہ دو سے تین سال میں نظر آئے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت کا یہ مطلب نہیں کہ اپنی ریاست کے خلاف انتشار پیدا کریں۔

احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو سستی بجلی دینے کے لیے بڑیریلیف کا اعلان کیا، امید ہے دیگر صوبائی حکومتیں بھی ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس تیزی سے آج لوگ باہر جا رہے ہیں اسی تیزی سے واپس بھی آئیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑا چیلنج معیشت ہے اس کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، معاشی میدان میں انرجی سیکٹر ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کی نئی لیڈر شپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے