سری نگر— جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک دلدوز سڑک حادثہ میں دو افراد کی موت واقع ہو گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ ضلع کے ہبڈی پورہ علاقے میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ہبڈی پورہ علاقے میں ایک تیز رفتار نجی گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ ان کی شناخت ریاض احمد ڈار ساکنہ کندلن، شوپیان اور سجاد احمد شاہ ساکنہ نیو کالونی، شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ ضلع اننت ناگ کے دونی پورہ، بجبہاڑہ علاقہ میں ہفتہ کے روز غرقاب ہوئے ایک غیرمقامی نوجوان کی لاش دریائے جہلم سے بازیاب کی گئی۔
بازیاب کیے گئے نوجوان کی شناخت ٹیپو ماری، آسام کے رہنے والے چودہ سالہ منیب الاسلام ولد بابوعلی کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ نوجوان 13 اگست کو دونی پورہ، سنگم کے مقام پر دریائے جہلم میں اس وقت غرقاب ہوا تھا جب نہانے کے دوران اس کا پاوں پھسل گیا اور وہ دریا کے گہرے پانی میں ڈوب گیا۔