کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ملکی عدالتوں میں 22 لاکھ مقدمات زیر التواہیں جبکہ اشرافیہ اور سیاستدانوں کیلئے رات کو 12 بجے بھی عدالتیں کھول دی جاتی ہیں اور غریب 30 ،30 سال تک انصاف کیلئے بھٹکتا رہتا ہے لیکن اسے پھر بھی انصاف نہیں ملتا،اس ملک میں 50 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جبکہ 70 فیصد عوام غربت میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، اشرافیہ کی اولادیں بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے جبکہ غریب عوام کے بچوں کیلئے قائم تعلیمی اداروں میں بجلی، پینے کا صاف پانی اور فرنیچر بھی موجود نہیں،یہ کیسا ملک ہے جہاں پر قاتل آزاد اور مقتول کے ورثا انصاف کیلئے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،ملک کے تمام تر وسائل اور اقتدار پر گذشتہ 77 سالوں سے 05 فیصد اشرافیہ قابض ہے، 33فیصد لوگ بھاری بجلی بلوں کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہوچکے ہی،لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت یہ ملک اس لئے حاصل نہیں کیا گیا تھا کہ عوام کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑ کر چند خاندان عیاشیاں کریں،یہاں پر کلمے کی بنیاد پر اسلام کا نظام نافذ کرنا تھا لیکن سودی نظام رائج کرکے عوام کو مہنگائی،بھوک، بدحالی،بیروزگاری کے حوالے کردیا گیا،یہاں خواتین کی عزتیں محفوظ ہیں نہ عوام کی جان ومال محفوظ ہے، پریاکماری اور فضیلا سرکی جیسی بچیاں ظالموں کے قید میں انصاف کیلئے پکار رہی ہیں لیکن ظالم اور بے حس حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں جشن آزادی کے موقع پر جماعت اسلامی کے تحت نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مقامی امیر رمیز راجا شیخ نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے لوگ گھروں کا سامان بیچنے یا خودکشی کرنے پر مجبور ہوچکے،77 سالوں سے عوام کوڈاکو راج، وڈیرہ راج اور سرداری نظام کے شیطانی جال میں جکڑ کر اشرافیہ ملکی وسائل کی لوٹ مار کرنے میں مصروف ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ان کو فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کرکے سہولتکاری کررہا ہے،مہنگائی،بجلی کے بھاری بلوں، آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات کیلئے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی میدان عمل میں آچکی ہے،انشااللہ پاکستان کو حقیقی آزادی دلائیں گے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم حافظ نعیم الرحمان کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ان شااللہ فتح حق وصداقت کی ہوگی اور ظالم،جابر،غیروں کے غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کریں گے۔#
Load/Hide Comments