اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں کا مظاہرہ


اسلام آباد(صباح نیوز)  اسلام آباد میںبھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں نے جمعرات کو زبردست احتجاجی  مظارہ کیا ہے ۔ نام نہاد بھارتی یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ  کے سلسلے میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس  اور کشمیر لبریشن سیل کے احتجاجی مظاہرے میں  شرکا نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے نعرے لگائے۔احتجاج کے شرکا نے سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔

مظاہرے میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 78 سالوں سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، بھارت جبر و استبداد کے ذریعے انکے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہاکہ استصواب رائے کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیائی خطے میں مستقل امن وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔خطاب کرنے والوں میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، شمیم شال، علامہ ناصر عباس جعفری، مسلم لیگ کے چوہدری شفیق، مزار بری امام کے میڈیا کوآرڈینیٹر سید حسنین بخاری، ایم ایل اے آزاد کشمیر اسمبلی حمد رضا قادری اور دیگر شامل تھے۔