سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماں نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی سرزمین پر طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کو کوئی حق نہیں رکھتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماں غلام محمد خان سوپوری، مولانا مصعب ندوی، فیاض حسین جعفری اور سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت نے 1947میں تقسیم برصغیر کے منصوبے او ر کشمیریوں کی خواہشات کو پامال کرتے ہوئے جموں وکشمیر پر قبضہ جما لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو یکسر مسترد کر رکھا ہے اور وہ اپنی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 1947سے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو قتل اور ہزاروں کو لاپتہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر کے کشمیری مسلمانوں کے تمام سیاسی ، معاشرتی ، معاشی اور دینی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک منصوبہ بند سازش پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد قصور یہ ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق، حق خود اریت کا مطالبہ کر رہے ہیں جسکا نہ صرف عالمی برادری بلکہ بھارت نے بھی ان سے وعدہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دلانے کے لیے اس پر دباؤ ڈالے۔