کوئٹہ (صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے، ہمیں ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہوگی، آپس میں ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔
یہ بات نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یوم آزدی کی مناسبت سے بلوچستان اسمبلی کی سبزہ زار پر 77 ویں یوم آزادی کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے اپنی اکتیس سالہ سیاسی کیریئر میں یہ چیز نوٹ کی ہے کہ جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے تو چھپے ہاتھ پاکستان کو گرانے کی کوشش شروع کرتے ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بہت پرانی بات نہیں صرف2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا۔ میکرو اکنامک انڈیکیٹرز اور بین الاقوامی ادارے لکھ رہے تھے پاکستان بین الاقوامی فارن انویسٹمنٹ کے حوالے دوسری بلواسطہ چوائس ہے، ہماری چھ فیصد گروتھ اور دو فیصد فوڈ انڈ فیشن تھی،اس ملک کی سٹاک ایکسچینج دنیا کی پانچویں بہترین اور جنوبی ایشیا کی نمبر ایک سٹاک ایکسچینج بن رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم کسی بھی سازش کا شکار نہیں ہونگے، اور آپس کی اتحاد و اتفاق سے ان ترقی دشمن عناصر کا قلع قمع کریں ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے پاکستان کی ترقی کے لئے جو خواب دیکھیں تھے ،آئیں مل کر ان عظیم ہستیوں کے خواب ہم اتحاد و اتفاق سے پر کریں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے معدنی وسائل سے نواز ا ، ذولفقار علی بھٹو اور میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان ایٹمی قوت بن گیا جو کام ذولفقار علی بھٹو نے شروع کیا الحمد اللہ وہ کام میاں محمد نواز شریف نے پایہ تکمیل کو پہنچایا ۔ نائب وزیر اعظم نے کہا پاکستان تا قیامت تک قائم رہے گا ،عوام دشمن قوتوں کے باتوں میں نہ آئیں اور آپس میں اتحاد اتفاق و بھائی چارے کے لئے کردار ادا کریں ،
میں کل سے کوئٹہ میں یوم آزادی کی تقریبات غور سے دیکھ رہا ہوں یہاں کے عوام کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ ہم سارے محب وطن ہیں اور پاکستان کو معاشی ،سماجی اور علمی حوالے سے آگے دیکھنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے قومی پرچم کو فضا میں بلند کیا اوربلوچستان کانسٹیبلری کی چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے بھی پیش کئے،۔ پرچم کشائی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سپیکر صوبائی اسمبلی، بلوچستان کے ممبران اسمبلی کے ساتھ ساتھ پنجاب و صوبہ کے پی کے کے ایم پی ایز جن میں راحیلہ نعیم، آغا علی حیدر اور حادیہ نواز شامل ہے نے شرکت کی ۔اس موقع پر اعلیٰ سرکاری آفیسران اور قبائلی عمائدین بڑی تعداد میںمیںموجودتھے۔