کشمیری عوام  کل نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منائیں گے


سری نگر، مظفر آباد:خطہ متارکہ کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری کل  بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

یوم سیاہ منانے کا مقصد بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری اسکے غیر قانونی تسلط کے مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنی آزادی کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہرقیمت پار جاری رکھیں گے۔یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے ۔

نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے جیل سے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے جموں وکشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف محض فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسیر رہنماؤں نے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی کی منزل حاصل کر لیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماں نے بھی سرینگرمیں اپنے بیانات میں کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کل بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 77 برس سے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن بھارت نے انکا یہ حق فوجی طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے ۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبا ڈالے۔