اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی اور اگلے چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی، ملکی ترقی کیلئے اپنی جان لڑادوں گا۔
اسلام آباد میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چند دنوں میں 5 سال معاشی پروگرام پیش کروں گا، ملکی ترقی کے لیے اپنی جان لڑادوں گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ احساس ہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، بجلی کے بلوں میں کمی کئے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا اور اگلے چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری ملے گی ، بجلی کے بلوں میں کمی کئے بغیر ہماری ایکسپورٹ نہیں بڑھ سکتی۔ا نہوںنے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کوشش کریں گے، فلسطین میں ہونے والے مظالم پر دل افسردہ ہے، غزہ میں مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ،کشمیریوں، فلسطینیوں کو ان کا حق ملنے تک ساتھ کھڑے رہیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جتوا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، ساتھ ہی وزیر اعظم نے ارشد ندیم کی والدہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں حاضرین محفل کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کے بزرگوں نے قائد اعظم کی سربراہی میں عظیم قربانیاں دیں، تب جا کر یہ ملک وجود میں آیا، ہم آج تحریک آزادی کے شہدا، غازیوں، قائدین اور کارکنان کو سلام عقید پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ایک ایسا کام جو کہ بظاہر ناممکن تھا، اسے ممکن کر دکھایا، اور صرف اس خطے کی تاریخ ہی نہیں بلکہ جغرافیہ کو بھی بدل کر رکھ ڈالا، آج ہم ان سب کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، اور آج پاکستان ہندوستان کے سامراج سے آزاد ہو کر ایک آزاد دفاعی ملک بنا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 77 سال کے دوران اگرچہ ہمارا سفر قابل رشک نہ ہو سکا، جو ہمارا بحیثیت قوم ایک فیصلہ تھا، ایک خواب تھا، کئی حادثات ہوئے، قومی وجود پر کئی کاری ضربیں لگیں، اندرونی اور بیرونی سازشیں، مفادر پرستیاں اور ہماری اپنی غلطیاں سب ہی مل کر اس میں شامل تھیں، بدقسمتی سے معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بھی بتدریج زوال آتا رہا، اور ہم ہچکولے کھاتے رہے، یقینا آج ہمیں دیانتدای اور غیر جانبداری سے سوچنے، محاسبے کی ضرورت ہے، بحیثیت قوم ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوام یقینا پریشان ہیں، مجھے اس کا احساس ہے، آخر ہم اس حالت میں کیوں اور کیسے پہنچے، اس کا جواب ہمیں تلاش کرنا ہے، جس طرح یہ سچائی ہے، کہ سب اچھا نہیں ہے، تو یہ بھی سچائی ہے کہ سب برا بھی نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 77 سال کا یہ سفر مسلسل جدوجہد کی داستان ہے، جس وطن کے بارے میں دشمنوں نے یہ پیشگوئی کی تھی کہ یہ وطن قائم نہیں رہے گا، آج 77 سال بعد بھی قائم ہے، اور قیامت تک قائم رہے گا، میں آج ہر مزدور، دیہاڑی دار، وکلا، انجینئر ز، ڈاکٹرز، طلبا، اہل قلم، شعرا اور صحافیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، کھیل کے میدان میں سر فخر سے بلند کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اور فنکاروں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ دشمن ہر حربہ استعمال کررہاہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے ، ہماری جوہری قوت سے ہمارا دشمن خائف ہے اور دشمن نے ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے جھوٹ کی بمباری شروع کررکھی ہے۔