مظفر آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مظفر آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یادگار شہدا جموں وکشمیر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ، چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریارخان آفریدی، کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا،، صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، آزاد کشمیر کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان ،آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر،سابق صدراور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یاد گار شہداء کے افتتاح کے بعد دعا بھی کی گئی۔جبکہ صدر مملکت اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو یادگار شہداء کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریارخان آفریدی نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرین میں اظہاریکجہتی کے طور پر مالی امدادکے چیک بھی تقسیم کئے۔
یادگار شہدا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن کو ہم یوم استحصال کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، مسلمانوں نے بھارت کے ساتھ رہنے کی کوشش کی، 2 قومی نظریہ آیا اور کہا گیا کہ دونوں قومیں ایک ساتھ نہیں رہ سکتیں، بھارت نے ہمیشہ دو قومی نظریے کو چیلنج کیا، بھارت کے حالات دو قومی نظریے پر مہر ثبت کرتے ہیں، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد قربانیوں سے بھری پڑی ہے، خواتین کی بے حرمتی کو بھارت نے ریاستی آلے کے طور پر استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اکابرین کو دھوکے میں رکھا، کشمیر میں پیلٹ گنز استعمال کی جا رہی ہیں، بھارت نے کشمیر میں طاقت کا استعمال کیا، لوگوں کو نابینا کیا، آج بھارت میں نفرت کی آگ ہے وہ خود اس میں جل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روز اس نظریے کو سچ ثابت کر رہا ہے، جن مسلمانوں پر بھارت میں ظلم ہو رہا ہے ہمیں ان کی فکر ہے، پاک فوج نے بتا دیا آنکھ دکھا ئیں گے تو آنکھ نکال دیں گے، دنیا نے حملے سے متعلق بھارتی دعوؤں کو مسترد کر دیا، اقوام متحدہ میں بھارت ہی سیز فائر کیلئے گیا تھا، بھارت پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتی، پاکستان کی تاریخ کشمیر کی آزادی تک نامکمل ہے، بھارت کشمیر کی جغرافیائی حیثیت بدل کر جھوٹی حکومت لانا چاہتا ہے۔پاکستان نے کامیابی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔
مظفرآباد میں یادگار شہدا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یاد گار شہدا پر حاضری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، آزادی کے مطالبے کی قیمت کشمیریوں نے جانیں قربان کر کے چکائی ہے اور زندہ قومیں شہداکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا تھا کہ ‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے’، سید علی گیلانی کے اس نعرے نے کشمیریوں کو نیا حوصلہ دیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ کبھی نہیں رکی، ایل او سی پر بسنے والا ہر شہری غازی ہے، جدوجہدآزادی کو کسی بھی قیمت پر ٹھنڈا نہیں پڑنے دیں گے۔عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بھارت کا پہلے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب بھی کریں گے
صدر آزاد کشمیر بیرسٹرسلطان محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 74 سال سے ظلم و بربریت جاری ہے، 42 لاکھ ہندوں کو جعلی ڈومیسائل پر مقبوضہ کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے، 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے غیر آئینی اقدام کیا گیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت عروج پر ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کی آواز گونج رہی ہے، مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں سمندر پار پاکستانیوں کا بہترین کردار ہے۔