مظفر آباد(صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ مجاہدین کشمیر پوری قوت اور صبر و استقامت کے ساتھ میدان عمل میں قابض قوتوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ شہید کمانڈر محمد یاسین یتو المعروف محمود غزنوی نے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے ایک ایسی جماعت تیار کی جو قابض دشمن کا ہر سطح پر اس وقت مقابلہ کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے شہید کمانڈر محمود غزنوی کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے شہید غزنوی اور اس کے ساتھ دو اور مجاہدین شیخ عرفان الحق اور عمر مجید میر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین کشمیر کا یہ قافلہ سخت جاں صبر و استقامت کے ساتھ میدان عمل میں قابض قوتوں کے خلاف جدجہد کررہا ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ پیغام دے رہا ہے کہ حصول منزل تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ 13اگست 2017 کو حزب آپریشنل چیف محمود غزنوی شہادت سے سرفراز ہوئے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے ایک ایسی جماعت تیار کرلی جو قابض دشمن کا ہر جگہ اور ہر سطح پر مقابلہ کررہی ہے ۔ایک غزنوی کے مقدس خون کے ہر قطرے سے ہزاروں غزنویوں نے جنم لیا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
حزب سربراہ نے کہا کہ کشمیری قوم ہمیشہ اپنے ان ہیروز پر فخر کرتی رہے گی ۔ان شہدا کا گراں قدر خون ہرگز ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا ۔تقریب میں حزب نائب امرا سیف اللہ خالد ،تاج علی شاہ اور کمانڈر شمشیر خان نے بھی خطاب کیا اور شہید غزنوی اور دیگر شہدا کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ حصول منزل تک جدوجہد ہر محاذ پر جاری رہے گی۔
تقریب میں مملکت پاکستان کے عوام کو قیام پاکستان کی مبارکباد دی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ قیام پاکستان کا نامکمل ایجنڈا مکمل کرنے کے اقدامات بھی ضرور اٹھائے جائیں اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ قیام پاکستان کا ایجنڈا مکمل کرنے کیلئے وہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ اپنا بھر پور کردار اداکرینگے ۔تقسیم برصغیر کے نتیجے میں گرچہ بھارت کو آزادی اور قیام پاکستان کا خواب پورا ہوا لیکن بدقسمتی سے ریاست جموں کشمیر کے عوام کو وہ حق نہیں دیا گیا جس ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔ کشمیری عوام تب سے اپنی جدوجھد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد کی جانوں کا نذرانہ بھی دے چکے ہیں ۔تقریب میں ان شہدا کی بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری قوم ضرور آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوگی ۔