غزہ(صباح نیوز) غزہ پر اسرائیلی حملے مسلسل 311ویں روز بھی جاری رہے ۔311 دنوں میں 39826 فلسطینی شہید،91845 زخمی ہوگئے گزشتہ 24 گھنٹوں میںاسرائیل نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی فضائی جارحیت جاری رکھتے ہوئے مشرقی خان یونس اور جنوبی غزہ پر متعدد حملے کیے۔ مزید برآں 75000 فلسطینیوں کو گھروں سے ایک بار پھر بے دخل کر دیا۔ التابعین سکول پر حملہ کے نتیجہ میں قتل ہونے والوں کی باقیات کی تدفین جاری ہے ۔ قابض فوج کے طیاروں اور توپ خانوں نے سوموار کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران قابض فوج نے شہریوں کے گھروں، بے گھر افراد کیمراکز اور سڑکوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں شہید اور زخمی ہوگئے۔قابض صہیونی فوج نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں خان یونس کے مشرق اور الزیتون محلے میں الزانہ اور بنی سہیلہ کے علاقوں پر بمباری کی۔
غزہ شہر کے مغرب میں ابوحصیرہ اسٹریٹ کے قریب مراد خاندان کے ایک گھر پر قابض طیاروں کی بمباری سے ایک شہری اور اس کی بیٹی شہید ہو گئے۔قابض فوج کے طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں بریج مہاجر کیمپ پر حملہ کیا۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس کے مشرق میں نیو عبسان میں ایک رہائشی چوک کو دھماکے سے اڑا دیا۔طبی ذرائع نے بتایا کہ 18 سالہ نوجوان حسام علیان احمد کوارع جو گذشتہ روز خان یونس میں بدھ بازار پر اسرائیلی بمباری میں شدید زخمی ہوگیا تھا دم توڑ گیا۔غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی توپخانے کی شدید گولہ باری دیکھنے میں آئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔رفح شہر کے مغرب میں واقع تل السلطان محلے پر توپ خانے سے گولہ باری کی اور مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ قابض فوج نے محلے کے رہائشی ٹاورز کو نشانہ بنایا۔جنگی طیاروں نے رفح شہر کے شمال میں بھی دو حملے کیے اور غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح پر توپ خانے سے بمباری کی۔فلسطینی سول ڈیفنس سروس کے مطابق کل اتوار کو 15 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔