مظفرآباد(صباح نیوز) یورنیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآباد میں یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کے لیے انتظامات کو مکمل کرلیا گیا۔
جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 14اگست 2024کے پروگرامز کوحتمی شکل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پاکستان کے سلسلہ میں جامعہ کشمیر میں پرچم کشائی کی ایک بڑی تقریب چہلہ کیمپس ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے صبح 09:30بجے منعقد ہوگئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی،فیکلٹی ممبران،انتظامی آفیسران و جملہ سٹاف شرکت کرے گا۔پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ملک کی سلامتی و استحکام اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔تقریب کے بعد ایڈمنسٹریشن بلاک سے ایجوکیشن ہال تک وائس چانسلر کی زیر قیادت ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی جس میں فیکلٹی ممبران،انتظامی آفیسران سمیت جملہ سٹاف شرکت کرے گا۔اس موقع پر جامعہ کشمیر کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام چہلہ کیمپس ایجوکیشن ہال میں جشن آزادی تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام چودہ اگست کے روز ہی مرکزی سیمینار بعنوان یوم آزادی پاکستان،کشمیر کی آزادی کا پیغام جامعہ کشمیر کے چہلہ کیمپس کے ایجوکیشن ہال میں 10بجے شروع ہوگا جس میں سابق وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان،سابق سینٹر و سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید، چیف جسٹس (ر) جسٹس سید منظورحسین گیلانی،امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد،وزیر حکومت محترمہ تقدیس گیلانی،ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجادخان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی خطاب کریں گے۔جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔یوم آزادی کی تقریبات میں تحریک پاکستان کی کامیابی کے لیے پیش کی گئی لازوال قربانیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی ہیروز کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے گاجنہوں نے تحریک پاکستان میں اپنا لازوال کردار ادا کیا۔ جشن آزادی کے موقع پرجامعہ کشمیر میں شجرکاری سمیت میں مختلف پروگرامز کا سلسلہجاریہے۔