ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں کمی ہوئی ہے


اسلام آباد(صباح نیوز) ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 میں سویابین آئل کی درآمدات پر112.33 ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجومالی سال 2023 کے مقابلہ میں 171 فیصدکم  رہا۔مالی سال 2023 میں سویا بین آئل کی درآمدات پر304.42 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا، جون میں سویا بین آئل کی درآمدات کاحجم 1.879 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومئی میں 9.920 ملین ڈالراورگزشتہ سال جون میں 25.64 ملین ڈالرتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 میں پام آئل کی درآمدات پر2.680 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجومالی سال 2023 کے مقابلہ میں 25.44 فیصدکم ہے، مالی سال 2023 میں پام آئل کی درآمدات پر3.362 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا، جون میں پام آئل کی درآمدات کاحجم 191.86 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومئی میں 218.41 ملین ڈالراورگزشتہ سال جون میں 190.11 ملین ڈالرتھا۔