اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر میں جغرافیائی حدود کی تبدیلی کامیاب نہیں ہوگی، ہم دنیا کے ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔
انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب میں کہا کہ میں سب پاکستانیوں کی طرف سے بھارت کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ جس انداز سے اس نے بالاکوٹ پر حملہ کیا اور ہم نے منہ توڑ جواب دیا ، کبھی پاکستان کی طرف دیکھنا نہیں ہم وہ آنکھ نکال دیں گے ، ہاتھ مت اٹھانا ہاتھ کاٹ دیں گے اور یہ پاکستان نے کر کے دکھا دیا ہے۔ پاکستان اس بات کا منتظر ہے کہ کشمیر کواقوام متحدہ کے قوانین اور قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے تحت لوگوں سے آزادانہ رائے لی جائے اوراس مسئلہ کو حل کیا جائے۔ کشمیر کو میڈیا کے لئے کھولاجائے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ بین الاقوامی وفود وہاں جا کردیکھیں اور یہاں پر آکر دیکھیں کہ کتنا پُرامن ہے۔ گزشتہ دنوں ہم نے کشمیر پریمیئر لیگ کر کے دکھا دیا کہ کتنا پُرامن ہے، وہاں ذرہ کوئی بھی کام کرکے دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب اور جغرافیائی حدود کی تبدیلی کی میں مذمت کرتا ہوں،باہر سے لاکر لوگوں کو وادی میں بسا کر آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ اس طرح آبادی کے تناسب میں تبدیلی دنیا میں کہیں کامیاب نہیں ہوئی اور میں سمجھتا ہوں کہ کشمیر کے اندر بھی کامیاب نہیں ہو گی۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کھڑے ہیں، کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے کیونکہ وہ ہمارے جسم کا حصہ ہیں، ہمارادل ان کے ساتھ دھڑکتا ہے ، ہم کبھی پیچھے ہٹے نہیں اور انشاء اللہ کبھی پیچھے ہٹیں گے نہیں اور کشمیر انشاء اللہ آزاد ہو کررہے گا اور لوگ اپنی زندگی میں چندسالوں میں یہ دیکھیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیروں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے صدر عارف علوی کی قیادت میں شاہراہ دستور سے نکالی جانے والی ریلی ڈی چوک پہنچی۔ریلی میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر وزرا بھی شریک ہوئے، ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی کشمیر ریلی میں شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ریلی میں شرکت کی، ریلی میں صدر عارف علوی ، سپیکر اسد قیصر ، وزرا نے کشمیر کا پرچم اٹھا رکھا تھا۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیر ریلی میں بھارت سے آزادی لیں گے ، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بلند کیے گئے۔ریلی کے شرکا نے دنیا سے کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔