کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کی 16ویں برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت


 سری نگر— کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں نے معروف حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو شہادت کی 16ویں برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 11اگست 2008کو ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کرد یا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، محمد یوسف نقاش، جاوید احمد میر، عبدالصمد انقلابی، سلیم زرگر، مولانا مصعب ندوی، محمد اقبال میر، یاسمین راجہ غلام نبی ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر مسلم لیگ، جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ اور کشمیر سٹوڈنٹس یوتھ فورم نے سرینگر میں جاری بیانات کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے ایک مقدس کاز کیلئے اپنی جاں قربان کی ، ان کی عظیم قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ساری زندگی جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف آواز بلند کرتے رہے ، انہوںنے جیلوں اور عقوبت خانوں کی سختیاں برداشت کیں لیکن اپنے نظریے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہداکی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد استقامت اور صبر کے ساتھ جاری رکھیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے شیخ عبدالعزیز کی برسی پر اتوار کوخصوصی دعائیہ مجالس کے انعقاد کی اپیل کی۔