الخدمت فاؤنڈیشن، کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت ملک بھر میں 25 لاکھ پودے لگائے گی۔ڈاکٹر مشتاق مانگٹ،

 لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن  نے کلین اینڈ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت 11 اگست سے 18 اگست تک ملک بھر میں ہفتہ شجر کاری مہم منانے کا اعلان کر دیا۔  سر سبز پاکستان مہم کے تحت لاہور سمیت ملک بھر میں3 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر ایک سال کے اندر لاہور میں 10 لاکھ پودوں سمیت پاکستان بھرمیں 25لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

اِسی  حوالے سے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، لاہور ریجن  کے نائب صدر چوہدری محمد سلیم، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی و دیگر ذمہ داران  سمیت رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے گرین اینڈ کلین پاکستان موومنٹ کی  تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سر سبز پاکستان کے تحت شجر کاری ہماری بڑی موومنٹ کا حصہ ہے۔ جس کے تحت شجر کاری سے متعلق آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ پودوں کی نرسریاں بھی قائم کی  جا رہی ہیں جس کے لیے 80 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن ایسے پودوں کاانتخاب کرتی ہے جو انسانوں یا جانوروں کیلئے نقصان دہ ثابت نہ ہوں اور آلودگی کے خاتمے میں بھی اپناکرداراداکریں۔ اس شجرکاری مہم میں ہمارے ساتھ پاکستان بھرکی مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عام نوجوان بطوروالنٹیئرخدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  پودے لگانے سے زیادہ، لگائے جانے کے بعد ان کی حفاظت اور نگہداشت اہم ہے اس کیلئے ہمیں پی ایچ اے لاہورکا تعاون حاصل ہے جو لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کرتاہے۔ڈاکٹرمشتاق مانگٹ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے 9پلانٹیشن ڈرائیوز کااہتمام کیا جن میں ہزاروں والنٹئرزنے خدمات سرانجام دیں ،رواں برس سے اب تک28 پلانٹیشن ڈرائیوزکاانعقاد کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جہاں موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے وہیں پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ تاثر ہونے والے ممالک میں سے ہے۔ 2022  کے سیلاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی کہا تھا کہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کی خرابی میں سب سے کم کردار پاکستان کا ہے لیکن سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے۔ موسم سرما میں اسموگ اور موسم گرما میں تپش اور گلیشئرز کا پگھلنے کے باعث شمالی علاقہ جات میں سیلابی ریلے معمول بن گئے جس سے ہزاروں لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت کے پیش نظر  ملک بھر میں پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے  اور نوجوانوں کو اِس کا حصہ بنانے کا مقصد نوجوانوں میں صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔انھوں نے بتایا  کہ ارجن، بوٹل برش، لارج ٹونیا، پانڈا فیلکس سمیت دیگرپودے لگائے جائیں گے۔