پاور کمپنیوں کے ملازمین کو 15ارب کی مفت بجلی، عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاور کمپنیوں کے ایک لاکھ 90ہزار ملازمین کو سالانہ 15ارب روپے کی مفت بجلی دینے کا انکشا ف ، بجلی کے بلوں سے تنگ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔آئی پی پیز اژدھا بن چکا ہے ، اس کے مکروہ کاروبار اور لوٹ مار نے ملک و قوم کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ، حکومتی وزراء ان ظالموں کا دفاع کر رہے ہیں ، جو کہ شرمناک اقدام ہے ۔مہنگی بجلی نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبو ر کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے ۔ اس سلسلے میں 8اگست کو مری روڑ پر عظیم الشان مارچ کریں گے ، 11اگست کو لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔12اگست کو پشاور میں جلسہ عام و دھرنا ہوگا ۔14اگست کو تاجروں سے مشاورت کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں اور تحصیلوں کو سکرینوں کے ذریعے مرکزی دھرنے سے جوڑ دیا جائے گا ۔ حکمرانوںکو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ جب تک حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتی اس وقت تک ہم سڑکوں پر رہیں گے ۔حکمرانوں کو ہمارے مطالبات ماننے ہونگے ۔

بصورت دیگر ان کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا۔قوم اب مزید ان ظالموںکا ظلم و ستم برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ موجودہ حکومت اشرافیہ کو مراعات اور غریب عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کر رہی ہے ۔محمد جاوید قصوری نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاج کر رہی ہے ، لوگ اس احتجاج میں شریک ہو ں اور حکمرانوں سے ریلیف چھین لیں۔مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی نے چالیس سالوں سے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا اور یہ دونوں آج بھی اپنے لوٹ مار کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں