یورنیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآباد میں یوم آزادی کے حوالہ سے تقریبات کی تیاریاں شروع


مظفرآباد(صباح نیوز) یورنیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآباد میں یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں منانے کے لیے تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔

جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 14اگست 2024کے پروگرامز کوحتمی شکل دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ستہترویں جشن آزادی کے سلسلہ میں جامعہ کشمیر میں پرچم کشائی،عظیم الشان ریلی،جشن آزادی ایکسپو اور ایک مرکزی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جشن آزادی پاکستان کو شایان شان انداز میں منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات میں تحریک پاکستان کی کامیابی کے لیے پیش کی گئی لازوال قربانیوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔جشن آزادی تقریبات منانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی،ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹرسعادت حنیف ڈار،ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر خان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیرز ڈاکٹر شرجیل سعید،ایڈیشنل رجسٹرارسردارظفراقبال، آفیسر تعلقات عامہ سید مبشر نقوی ودیگرنے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریب کے انعقاد سے ہم ان قومی ہیروز کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے تحریک پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آج ہمارے طلبہ اور باالخصوص ہم سب کو قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور اس نعمت کا جتنا بھی ہم شکر ادا کریں وہ کم ہے، وطن عزیز کی آزاد فضاوں کی قدر ہمارے ان کشمیری بھائیوں سے پوچھی جائے جو بھارتی قبضے میں اپنی آزادی کی جدوجہدمیں مصروف عمل ہیں۔

رئیس جامعہ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر جامعہ کشمیر میں مختلف پروگرامز کے انعقاد کے علاوہ سرکاری عمارات پر قومی پرچم اور بینرز بھی لگائے جائیں۔انہوں نے جامعہ کشمیر کے اساتذہ،انتظامی آفیسران اور طلبا و طالبات سے کہا کہ وہ یوم آزادی کے حوالہ سے تقریبات میں بھرپورشرکت کریں۔