یوم استحصال کشمیر کل منایا جائے گا


سری نگر، مظفر آباد ، اسلام آباد: مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے پانچ سال مکمل ہونے پر کل یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا اس موقع پر کشمیری بھارت کے خلاف یوم سیاہ بھی منائیں گے ۔ بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کومقبوضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت کے قانون آرٹیکل 370کو ختم کر دیا تھا ۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے 5اگست کو یوم استحصال منائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست کو یوم سیاہ منائیں تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری بھارت کے ظالمانہ اقدامات اوربین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کو تسلیم نہیں کرتے۔حریت قائدین نے جیل سے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ 5اگست 2019مقبوضہ جموں وکشمیر کے لئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے مسلسل فوجی اور پولیس محاصرے،ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے جسے بھارت کی فرقہ پرست ہندوتوا حکومت نے ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کشمیری عوام سے 5اگست کو یوم استحصال کے طور پر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن بھارت کے نوآبادیاتی منصوبے کے آغاز کی نشان دہی کرتا ہے جو ہر صورت میں کشمیر، اس کے عوام اور وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے خطے میں جارحانہ عزائم پر بی جے پی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست کا اقدام کشمیریوں کے قومی تشخص پر ایک ظالمانہ حملہ تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دیگر رہنمائوں بشمول الطاف احمد بٹ، امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، زاہد صفی، زاہد اشرف، شمیم شال، منظور احمد شاہ، شیخ یعقوب، گلشن احمد، محمد اشرف ڈاراور شیخ عبدالماجد نے بھی کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم آزادی اور امن پسند کشمیریوں سے 5اگست کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوںنے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں ان کا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کو اپناپیدائشی حق حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا۔