انقرہ(صباح نیوز)ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹریوسف جنیدنے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیر کاز سے جذباتی وابستگی رکھتی ہے،پاکستان کو کشمیریوں کو اپنی جدوجہد میں کسی بھی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑے گا، تر کیہ صدر ایردوآن تمام فورمز پر کشمیر کاز کی بھرپور ترجمانی کر رہے ہیں،آزاد کشمیر کی تمام پارٹیوں پر مشتمل وفد کا دورہ ترکیہ قومی یکجہتی کا بہترین مظہر ہے یہ سلسلہ جاری رھنا چاہئیے ،ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفیر نے آزاد جموںوکشمیر قانون سازاسمبلی کے سپیکرچوہدری لطیف اکبر اور سینئر پارلیمانی رہنماوں کی سربراہی میں کشمیری قائدین کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ،
وفد نے انقرہ ترکیہ میں سفیر پاکستان ڈاکٹریوسف جنید کی دعوت پر سفارت خانے کا دورہ کیا،پاکستانی سفیر نے وفد کو پاک ترک دوطرفہ تعلقات اور ترکیہ میں کشمیر کاز سے متعلق جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اپنی جدوجہد میں کسی بھی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑے گا کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمائت جاری رہے گی ، پوری قوم کشمیر کاز سے جذباتی وابستگی رکھتی ہے انہوں نے کہاکہ تر کیہ کی آزادی کی تحریک میں برصغیر کے مسلمانو ں کی طرف سے معاونت ترکیہ کے ہر شہری کے دل پر نقش ہے بالخصوص صدر ایردوآن تمام فورمز پر کشمیر کاز کی بھرپور ترجمانی کرتے رہے ہیں ۔وفد نے کشمیر ی اور پاکستانی طلبہ کودرپیش مسائل کے حوالے سے سفیر پاکستان کی توجہ مبذول کرائی اور مودی حکومت کے بھیانک عزائم بے نقاب کرنے کے لئے سفارتی محاز پر موثر حکمت عملی تشکیل دینے کے لئے تجاویز پیش کیں بالخصوص ذرائع ابلاغ اور دانش گاہوں میں مودی کی ھندواتوا پا لیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے متوجہ کیا ،
سفیر پاکستان نے وفد کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیش کی گئی تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیادت کے ایسے دوروں کا تسلسل جاری رکھا جائے، تمام پارٹیوں پر مشتمل یہ وفد قومی یکجہتی کا بہترین مظہر ہے یہ سلسلہ جاری ر ہناچاہئیے وفد کے دیگراراکین میں راجہ محمد فاروق حیدر خان (سابق وزیراعظم آزاد کشمیر )کے علاوہ سابق سپیکرو مسلم لیگ (ن ) آزاد جموں وکشمیر کے صدشاہ غلام قادر،سا بق امیر جماعت آزاد کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبد الرشید ترابی وزراء حکومت آزادجموں وکشمیرعبدالماجد خان، چوہدری اظہر صادق، سکریٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین شامل تھے ،معروف پاکستانی بزنس مین ایاز غنی یوسف یلماز اور سفارتی عملہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔