بھارتی حکومت نے دو کشمیری حریت پسندوں کی جائیداد قرق کر لی



سری نگر:بھارتی حکومت نے آزاد کشمیر میں مقیم مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند سمیت دو کشمیریوں کی جائیداد قرق کر لی ہے ۔

نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے پونچھ میں محمد لیاقت نامی شہری کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کیا ہے۔ ، کھری کرمارہ پونچھ میں محمد لیاقت کی ایک کنال نو مرلہ اراضی کو ضبط کیا گیا ہے۔ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے کے مطابق پونچھ کے پرنسپل سیشن جج کی جانب سے جاری حکم نامہ کے تحت جائیداد کو قرق کیا گیا ۔پولیس کے مطابق محمد لیاقت پر عسکریت پسند ہونے کا الزام ہے وہ روپوش ہے اسکی تلاش جاری ہے ۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما کفایت رضوی کی سری نگرمیں غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔

تحقیقاتی ادارے سٹیٹ انویسٹی ایجنسی( ایس آئی اے) نے سری نگر کے علاقے شریف آباد ایچ ایم ٹی میں کفایت رضوی کی ایک کنال اور تین مرلوں پر مشتمل اراضی ضبط کی ہے۔ ایس آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی ایڈیشنل سیشن جج جموں ( این آئی اے عدالت) کے حکم پر کی گئی۔تحقیقاتی ادارے نے مزید کہا کہ کفایت رضوی آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور انکا اس حوالے سے تحریک وحدت اسلامی کے زیر حراست رہنما فیاض حسین جعفری کے ساتھ بھی رابطہ رہا ہے۔