امت مسلمہ ہندوستان کا سیاسی،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کرے تا کہ ہندوستان مجبور ہو کر کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے، ڈاکٹر خالد محمود خان


اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ آج کشمیری پوری دنیا میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ فقید المثال اظہار یکجہتی کریں گے ،75سال سے کشمیری اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے برسرپیکار ہیں ،مقبوضہ جموں وکشمیر کی قیادت ،مائوں بہنوں اور بیٹیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ صبح آزادی تک ہم ان کے شانہ بشانہ رہیں گے ،اہل پاکستان اس فیصلہ کن مرحلے پریکجہتی کشمیر محض علامتی طور پر منانے نہیں چلے بلکہ تجدید عہد کے طور پر منائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر سطح پر،ہر مکتبہ فکر میں بیداری پیدا کرے گی اور کشمیرکی آزادی کے لیے کی جانے والی جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رکھے گی تارکین وطن عالمی سطح پر ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور ادارے ہندوستان پر دبائو بڑھائیں تا کہ ہندوستان کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق حق خودارادیت فراہم کرے نریندرمودی نے جنوبی ایشیا کو بارود کے ڈھیر پر لاکھڑا کردیا ہے عالمی برادری نے بروقت مداخلت نہ کی تو یہ خطہ ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آجائے گا ۔

کشمیر یوں کو آزادی دئیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا عالمی برادری اس حساسیت کا احساس کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے کشمیریوں نے آزادی کے لیے جدوجہد شروع کی ہے اور آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے مسئلہ کشمیر پوری امت کا مسئلہ ہے کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ی جارہی ہے امت مسلمہ ہندوستان کا سیاسی،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کرے تا کہ ہندوستان مجبور ہو کر کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے ۔