راولپنڈی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پورے ملک کے عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے،مہنگی بجلی اور بجٹ میں ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف پرامن و آئینی جدوجہد مطالبات کی مظوری تک جدوجہد جاری رہے گی،مری روڈ کا مرکزی دھرنا بھی جاری رہے گا جبکہ 31جولائی کو کراچی سمیت چاروں صوبوں کے گورنرہاسز کے سامنے احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے،آئی پی پیز کو لگام دیکر ظلم وناانصافیوں اور مہنگائی کے مارے عوام کو رلیف دیا جائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لیاقت باغ راولپنڈی میں مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کیخلاف دھرنے کے تیسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسز کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے، جماعت اسلامی عوام کے دلوں کی آواز بن کر میدان عمل میں موجود ہے
۔عوام اپنے حقوق اورظالم وبے حس حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف حق دو عوام کو تحریک کا حصہ بن جائیں۔صوبائی امیر نے بارش اور شدید گرمی کے باوجود دھرنے میں جم کر بیٹھنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان تحریک اسلامی کا قیمتی سرمایہ ہیں ان شااللہ ان کی قربانیاں اور جدوجہد ضرور رنگ لائیں گی اور حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔۔