پانچ فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال رشتے کی پہچان ہے،صدر وزیر اعظم آزاد کشمیر


مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی ،اوروزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے05فروری کو یوم یک جہتی کشمیر منانے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کادیر پا اور پائیدار حل ہو گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 05فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے۔ جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے یہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منائے جانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑا۔ وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔ برہان مظفر وانی شہید کے مشن کو لے کر نوجوان نسل سر بکف ہو گئی ہے۔ ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرے۔ کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا اور یہی اس کادیر پا اور پائیدار حل ہو گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ 05فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔یوم یکجہتی کشمیرصرف پاکستان اور آزادکشمیر میں نہیں بلکہ مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کوجو ش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کی پشت پر ہیں۔انشا اللہ وہ وقت آنے والا ہے کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزاد فضاں میں فتح کا جشن منائیں گے۔پانچ اگست2019اور اس کے بعد انتہا  پسند آر ایس ایس کی ہندوستانی حکومت نے جو اقدامات  اٹھائے اس کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے یکسر مستر د کر دیا ہے۔ میں اپنے ان تمام بھائیوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ہندوستان کے مظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا بلکہ اسی طرح سے اپنا سر فخر سے بلند رکھا جس طرح سے ان کے بزرگوں، بیٹیوں اور بیٹوں نے تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کسی بھی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔  میں حکومت پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی،مذہبی،سماجی جماعتوں اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ دن شان وشوکت اور نظریاتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔ کنٹرول لائن پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماند کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے قربانیوں کی ان مٹ تاریخ رقم کی۔ کشمیریوں کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر پورا اعتماد ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل ہے جس نے ہر فورم پر محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے جبکہ ہندوستان اس خطے میں دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ہندوستانی حکومت کے انتہا پسندانہ اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پرنہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادیں پرانی نہیں ہوں گی۔ ہندوستان کو اپنی فوجی قوت پرزعم نہیں ہونا چاہیے، حق حق ہے اور انصاف انصاف ہے، انشا اللہ حق کی فتح ہو گی، انصاف کی فتح ہوگی۔ ان شا اللہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی استبدادسے آزادہوگا اور ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیرسردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ 5فروری کو پاکستان اور آزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک اہل پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019کے بعد کے اقدامات نے مسئلہ کشمیر کی ہئیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے مگر کشمیری عوام کے فولادی عزم نے بھارتی چالوں کو ناکام بنایا ہے۔بھارتی فوج کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہدا کی مرہون منت ہے جو کشمیری شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، جنوبی ایشیا میں مستقل امن وخوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی اور دونوں اطراف کے کشمیریوں کو جدا کرنے والی خونی لکیر مٹ کر رہے گی۔میں اس موقع پرپاکستان کی حکومت، عوام، سیاسی جماعتوں، سول سو سائٹی اورہرمکتبہ فکر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ ان کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جس فقیدالمثال یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ بے مثال ہے اور اس پر میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔