پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے 2 قبائل کے عمائدین 5 روز سے جاری جھڑپیں روکنے پر رضامند ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود کے مطابق فریقین کے عمائدین فائربندی پر رضا مند ہوگئے جس کے بعد امن جرگہ ممبران مسلح قبائل کو مورچوں سے ہٹائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایاکہ مسلح افرادکو ہٹانے کے بعد مورچوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں 5 روز سے جاری جھڑپوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی جبکہ 166 افراد زخمی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاراچنار شہر پر بھی درجنوں میزائل فائر کیے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ پاراچنار سے پشاور مین روڈ بھی ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسزکی بھاری نفری موجود ہے