یوم یکجہتی کشمیر کل منایا جائے گا


اسلام آباد: پاکستان آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں ہفتے کوجدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جائے گا۔5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کوملک بھر میں عام تعطیل ہو گی ۔

اس موقع پراسلام آباد سمیت ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں 5فروری کو کشمیریوں سے تاریخی اظہار یکجہتی کریں گی ۔ 5 فروری کو اندرون وبیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کشمیری بہنوں اوربھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے آواز پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔

کے پی آئی کے مطابق کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کوپورے ملک میں صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔شاہراہ دستور اسلام آباد میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جائے گی جس میں صدر مملکت،وفاقی وزرا،قومی اسمبلی و سینٹ ممبران اور عوام شرکت کریں گے۔صدر پاکستان عارف علوی آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے خصوصی ریلیز،جلسوں،سیمینارز منعقد کریں گے ۔سول ایویشن،پاکستان ریلوے،میٹرو بس اور این ایچ اے ہوائی اڈوں،ریلوے اسٹیشنز،میٹرو بس اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بینرز آویزاں کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کی تمام اہم شاہراں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ تمام شہروں کے بڑے پلازوں،شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے بینرز لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔تمام صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب،سیمینارز، تصاویری نمائش، ریلیز،تقریری مقابلوں،جلسے جلوس، سکول وکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا انتظام کر رکھا ہے۔ان سرگرمیوں میں تمام صوبوں کے وزرا اعلی و دیگر سینئر وزرا شرکت کریں گے۔

آزادکشمیر حکومت نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں مظفر آباد اور آزادکشمیر کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں خصوصی ریلیز،سیمینارز،تصویری نمائشوں مضمون نویسی اور تقاریری مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔کوہالہ پل سمیت آزادکشمیر سے ملنے والے تمام راستوں پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دیگر صوبوں کے وزرا بھی شرکت کریں گے۔