سری نگر:جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے محاصروں اور تلاشی کی بلاجواز کاررائیوں کے ذریعے علاقے میں خوف و دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے جبرو استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ قابض فورسز کی طرف سے حریت رہنماں اور ان کے اہلخانہ کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جاتا ہے ، بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل ، گرفتاری، کشمیری ملازمین کی برطرفی اور شہریوں کی جائیدادوں کی ضبطی معمول بن چکا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کو ایک جنگی ہتھیارکے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے وکلا کی گرفتار ی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ان تمام لولوگوں کو خاموش کرانا چاہتا ہے جو اسکی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جاسکتا، کشمیریوں کے حوصلے بھی بلند ہیں اور وہ شہداکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیں اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ترجما ن نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔