خیبرپختونخوا حکومت کا نیب کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

 پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری پرچیئرمین نیب، پراسیکیوٹرز اور معاون ٹیم کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرز اور معاون ٹیم کے خلاف معاون خصوصی اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا بریگیڈیئر(ر) مصدق عباسی قانونی کارروائی کریں گے۔

اس ضمن میں مصدق عباسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عدت کیس کی طرح توشہ خانہ کیس بھی بوگس ہے، ایک ہی طرح کے کیسز کو الگ الگ چلا کر عمران خان کو جیل میں قید رکھا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کام وزیراعظم کا عملہ اورسرکاری اہلکار کرتے ہیں ان کے لیے سابق وزیراعظم اوران کی اہلیہ کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب، پراسیکیوٹرز اور معاون ٹیم کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی جائے گی۔