نظریہ ضرورت سے ہمیشہ قوموں کونقصان ہوتا ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور(صباح نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت سے ہمیشہ قوموں کونقصان ہوتا ہے، گذشتہ روز تو کمال ہوگیا، پیار محبت کی اخیر ہوگئی، ایسی محبت تو سوہنی ماہیوال کی بھی نہیں تھی، آئین ہار گیا بیگمات جیت گئیں، سوال یہ ہے ایک پارٹی کے لیے اتنا پیار کیوں ہے؟ ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن میں جو غلطیاں کیں وہ وکیلوں کو درست کرنی چاہیے تھیں، عدالت نے درست کردیں، تحریک انصاف نے نشستیں مانگی ہی نہیں تھیں ان کو مفت میں دے دی گئیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ ایجنسیوں کی مداخلت ہو تو پھر پانامہ جیسا فیصلہ آتا ہے، نواز شریف کو خیالی تنخواہ پر نااہل کیا گیا، ہم نے اچھے بچوں کی طرح تمام فیصلوں کو تسلیم کرلیا، نظریہ ضرورت سے ہمیشہ قوموں کونقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین ہار گیا بیگمات جیت گئیں، سوال یہ ہے ایک پارٹی کے لیے اتنا پیار کیوں ہے؟ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آجاتی ہے، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ کسی متاثرہ فریق کو نہیں سنا گیا، جو کیس میں فریق نہیں تھا اس کو ریلیف دیا گیا، لوگ کہہ رہے ہیں کہ ری ایکشنری فیصلہ تھا، پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا جو انہوں نے مانگا نہیں وہ ان کو دے دیا گیا۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ گذ شتہ روز سپر نظریہ ضرورت متعارف کرایا گیا، لاڈلے کی محبت میں پاکستان کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔