مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مسعود سرفراز تحریک آزادی کشمیر کے ان رہنماؤں میں شامل ہیں جنھوں نے میدان کارزارمیں براہ راست دشمن سے مقابلہ کرکے قابض قوتوں کو یہ پیغام دیا کہ آر پار کشمیر ایک وحدت ہے ،ایک اکائی ہے اور اس اکائی میں بسنے والے لوگوں کی رائے کو احترام دینا ہوگا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق دینا ہوگا۔
ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارسید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کونسل کے اہتمام سے منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے معروف تحریکی رینما مسعود سرفراز کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے خود مسعود سرفراز کو تحریک آزادی کیلئے نہ صرف وقف کیا بلکہ اپنی زندگی کے آخری لمحات تک ان کی رہبری اور سرپرستی بھی کرتی رہی۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ مسعود سرفراز تحریک آزادی کشمیر کے ان رہنماؤں میں شامل ہیں جنھوں نے میدان کارزارمیں براہ راست دشمن سے مقابلہ کرکے قابض قوتوں کو یہ پیغام دیا کہ آر پار کشمیر ایک وحدت ہے ،ایک اکائی ہے اور اس اکائی میں بسنے والے لوگوں کی رائے کو احترام دینا ہوگا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق دینا ہوگا۔مسعود سرفراز اس تحریک کے بے باک،جانثار اور بہادر قائد ہیں اور اس بہادری جانثاری اور بے باکی کے پیچھے مرحومہ والدہ کا کلیدی کردار ہے۔
اجلاس میں شامل تمام قائدین جہاد کونسل نے مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ وہ مسعودسرفراز اوران کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اجلاس کے اختتام پر مرحومہ کی جنت نشینی ، بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی گئی